(لاہور نیوز) لاہور تعلیمی بورڈ نے آن سکرین مارکنگ کے نظام کے تحت ای شیٹ پر امتحانات کا عملی آغاز کر دیا،اس سلسلے میں پہلا پیپر انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو سیکنڈ اینول کا بیالوجی کا لیا گیا، جبکہ پنجاب بھر میں ای شیٹ کے ذریعے 50 ہزار امیدواروں نے امتحان دیا۔
چیئرمین ٹاسک فورس برائے تعلیمی بورڈز مزمل محمود نے امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر بدرالسلام، سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان بھی موجود تھے، جنہوں نے امتحانی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر مزمل محمود کا کہنا تھا کہ آن سکرین مارکنگ کے ذریعے پرچوں کی جانچ پڑتال کا عمل شفاف بنایا جائے گا اور مارکنگ کے حوالے سے امیدواروں کی شکایات کا ازالہ ممکن ہوگا، پیپر مارکرز کی کارکردگی کیمروں کے ذریعے مانیٹر بھی کی جائے گی۔
چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر بدرالسلام نے کہا کہ آن سکرین مارکنگ کے نظام سے امتحانات کے نتائج ایک ماہ پہلے جاری کرنا ممکن ہو سکے گا، رواں سال کمپیوٹر اور شماریات کے امتحانات بھی ای شیٹ پر لیے جائیں گے۔
