(لاہور نیوز) پنجاب میں پرائمری طلبہ کیلئے نئے تعلیمی سال سے جدید ڈیجیٹل اور تصوراتی نصاب متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔
نیا نصاب یکم اپریل سے صوبے بھر کے سکولوں میں نافذ کرنے کی تجویز ہے، جس سے نصابی کتب کا حجم 25 فیصد کم ہو گا۔
پیکٹا حکام کے مطابق نرسری سے پانچویں جماعت تک نصاب تیار کر لیا گیا ہے، جس میں کیو آر کوڈز اور ویڈیو اسباق شامل ہوں گے، نصاب پروف ریڈنگ کیلئے کیمبرج بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ منظوری کے بعد جنوری میں چھپائی کیلئے بھیج دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد بچوں پر تعلیمی دباؤ کم کرنا اور بنیادی تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
دوسری جانب والدین کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت بڑے شہروں میں بچوں کے سکول بیگز کا وزن بڑھتا جا رہا ہے، لازمی مضامین کے علاوہ گرائمر، ریاضی، کمپیوٹر سائنس، مصنوعی ذہانت اور دیگر اضافی کتابوں کے باعث بچوں کو بھاری بیگ اٹھانا پڑتے ہیں۔
