(لاہور نیوز) ملک بھر کے بجلی صارفین سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کیلئے تیار ہو جائیں، کیونکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سال 2026 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے نیپرا میں درخواست جمع کرا دی ہے۔
درخواست میں بجلی صارفین سے مجموعی طور پر 23 ارب 33 کروڑ روپے وصول کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت دائر کی گئی ہے، جبکہ فی یونٹ اضافے کا حتمی فیصلہ نیپرا کرے گا۔
درخواست کے مطابق کیپیسٹی چارجز کی مد میں 38 ارب 92 کروڑ روپے وصول کرنے کی استدعا کی گئی ہے، جبکہ آپریشنز اینڈ مینٹی ننس کی مد میں 5 ارب 59 کروڑ 70 لاکھ روپے اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انکریمنٹل کنزمپشن پیکج کے اثرات کی مد میں 29 ارب 25 کروڑ روپے کی کمی بھی مانگی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔ نیپرا اس درخواست پر 17 نومبر کو سماعت کرے گا، جس کے بعد بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
