(لاہور نیوز) لاہور بورڈ نے تعلیمی اداروں کو الحاق کی سہولت آن لائن فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے چیئرمین لاہور بورڈ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کے لاہور بورڈ سے الحاق کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ای بز پورٹل تیار کرے گا، جس کے ذریعے تعلیمی ادارے گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے۔
چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر بدرالسلام کے مطابق ای بز پورٹل بنانے کا مقصد تعلیمی اداروں کے الحاق کے عمل میں آسانی پیدا کرنا ہے، پورٹل کے ذریعے ڈیٹا کی درستگی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دستی طریقہ کار کا خاتمہ بھی ممکن ہو سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن پورٹل کے نفاذ سے الحاق کے نظام میں شفافیت آئے گی اور تعلیمی اداروں کو جدید اور آسان سہولیات میسر ہوں گی۔
