22 Jul 2026
(لاہور نیوز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے پاسپورٹ ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 پاسپورٹ آفس ملازمین اور 10 ایجنٹس کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے لاہور کے مطابق چھاپہ مار کارروائیاں گارڈن ٹاؤن، شاہدرہ اور ہربنس پورہ کے پاسپورٹ دفاتر کے باہر کی گئیں، جہاں ملزمان شہریوں سے پاسپورٹ بنوانے کے نام پر غیر قانونی طور پر اضافی رقم وصول کر رہے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں کو فوری پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دے کر زائد رقم بٹور رہے تھے، ملزمان کا تعلق لاہور کے مختلف علاقوں سے ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے پاسپورٹس، ٹوکن، بینک چالان، رسیدیں اور دیگر اہم شواہد برآمد کئے گئے ہیں۔
ایف آئی اے نے تمام ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
