(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے پیشہ ور گداگر مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے حالیہ کریک ڈاؤن کے دوران 80 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک گداگری میں ملوث 755 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں 748 مرد، 6 خواتین اور ایک سہولت کار شامل ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں انسدادِ گداگری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے اور گداگری کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، شہر کو اس سماجی لعنت سے پاک کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
سی سی پی او نے کہا کہ معصوم بچوں کے ہاتھوں سے قلم چھین کر انہیں گداگری پر مجبور کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے، انہوں نے گداگروں اور ان کے مبینہ ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو اہم شاہراہوں اور ٹریفک سگنلز پر بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی، جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمرہ نیٹ ورک کے ذریعے پیشہ ور گداگروں کی مسلسل نگرانی کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
