(محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے نجی سوسائٹی کے عقب میں کچرا جلانے سے پیدا ہونے والی آلودگی پر ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر نصیر سے رپورٹ طلب کر لی۔
جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت ممبر جوڈیشل کمیشن نے پیراگون سوسائٹی کے عقب میں کچرا جلانے سے پیدا ہونے والی آلودگی کے متعلق رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ محکمہ ماحولیات نے غیر قانونی ڈمپنگ سائٹ ختم کرنے کے لئے کافی کاوشیں کی ہیں۔
محکمہ ماحولیات کی ٹیمیں مستقل بنیادوں پر موقع پر تعینات کر دی گئی ہیں، پیرا گون سٹی کے قریب کچرا پھینکنے کا سلسلہ فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ ٹھیکیدار کے خلاف اس سے پہلے بھی ایف آئی آرز تھیں، عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس کو پکڑتے کیوں نہیں، تھانہ والوں کو کہیں کہ اس کو بلائیں اور اسے کہیں اگر آئندہ ایسا ہوا تو برداشت نہیں کیا جائے گا، اس ٹھیکہ دار سے بیان حلفی لیں کہ وہ آئندہ غیر قانونی ڈمپنگ سائٹ پر کوڑا نہیں پھینکے گا۔
عدالت نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے پاس کوڑا جلانے کے واقعے پر ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر نصیر سے رپورٹ طلب کر لی اور ڈپٹی کمشنر کو ڈمپنگ سائٹ نہ ہونے کے بورڈز بھی آویزاں کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ درخواستوں پر مزید سماعت 11 جون کو ہو گی۔
