(لاہور نیوز) سموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔
شہر بھر کی شاہراؤں، گرین بیلٹس اور پارکوں میں صبح و شام درختوں اور پودوں کی دھلائی کی جا رہی ہے، ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کے مطابق ٹری واشنگ مہم کے تحت درختوں کے پتوں پر جمی گرد، دھول اور آلودگی کی تہہ صاف کرنے کیلئے باقاعدگی سے واشنگ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ درختوں اور پودوں کی باقاعدہ دھلائی شہری ہریالی برقرار رکھنے اور ماحولیاتی بہتری میں معاون ثابت ہوتی ہے، سموگ اور فضائی آلودگی کے اثرات میں کمی کیلئے ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’سرسبز لاہور‘‘ ویژن کے تحت ٹری واشنگ سمیت مختلف اقدامات جاری ہیں، درختوں کی صحت اور شہری ماحول کی بہتری کیلئے ٹری واشنگ ایک اہم اقدام ہے۔
ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی نے مزید کہا کہ درختوں اور پودوں کی دیکھ بھال اور شہر کی ہریالی برقرار رکھنا پی ایچ اے کی ترجیحات میں شامل ہے، جس کیلئے مختلف اقدامات باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں گے۔
