(لاہور نیوز) محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے اسکول انفارمیشن سسٹم (SIS) میں موجود تقریباً 3 لاکھ اساتذہ اور ملازمین کے ریکارڈ کی جامع تصدیق کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ تمام اندراجات کو منظور شدہ آسامیوں اور پے رول سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔
محکمہ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق اسکول انفارمیشن سسٹم میں اساتذہ اور ملازمین کا اندراج صرف منظور شدہ آسامیوں کے مطابق درست کیا جائے گا، جبکہ سسٹم میں موجود تمام ملازمین کے ڈیٹا کی متعلقہ اتھارٹی سے تصدیق لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
مراسلے میں تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین روز کے اندر فوکل پرسن نامزد کریں تاکہ تصدیقی عمل بروقت شروع کیا جا سکے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق لاگ اِن کی فراہمی کے بعد 20 روز کے اندر تمام اساتذہ اور ملازمین کا مکمل ڈیٹا سسٹم میں اپ ڈیٹ اور تصدیق کیا جائے گا۔
مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ملازمین کے ریکارڈ کی تصدیق کے دوران منظور شدہ آسامیوں، تعیناتی اور پے رول سے مکمل مطابقت یقینی بنائی جائے تاکہ اسکول انفارمیشن سسٹم کا ڈیٹا درست، شفاف اور مستند بنایا جا سکے۔
