یو ایچ ایس سنڈیکیٹ کا پہلا اجلاس، پانچ نئے پی ایچ ڈی پروگرامز سمیت متعدد اہم فیصلوں کی منظوری
(لاہور نیوز) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کی ازسرنو تشکیل شدہ سنڈیکیٹ کے پہلے اجلاس میں پانچ نئے پی ایچ ڈی پروگرامز کے اجرا، پنجاب کے 18 سرکاری نرسنگ کالجز میں شام کے سیشن کے لیے 1,100 اضافی نشستوں اور داخلوں کے اہلیتی معیار میں تبدیلی سمیت متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس میجر جنرل (ر) پروفیسر سہیل صابر نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں یو ایچ ایس میں ری جنریٹو میڈیسن کا الگ شعبہ قائم کرنے اور اس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
سنڈیکیٹ نے پانچ نئے پی ایچ ڈی پروگرامز کی منظوری دی، جن میں نرسنگ، فارمیسی، پبلک ہیلتھ، اورل بائیولوجی اور میڈیکل لیبارٹری سائنسز شامل ہیں۔ بی ایس الائیڈ ہیلتھ سائنسز میں داخلے کے لیے ایف ایس سی کے کم از کم نمبروں کی شرط 60 فیصد سے کم کرکے 50 فیصد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فائنل ایئر ایم بی بی ایس میں پیڈیاٹرکس کے نمبرز 200 سے بڑھا کر 300 کرنے کی تجویز منظور کرلی گئی، جبکہ ایم بی بی ایس کے نصاب میں زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق کلینیکل تربیت اور فیلڈ وزٹس بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
سنڈیکیٹ نے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلے کے اہلیتی معیار میں تبدیلی کی منظوری بھی دی، جس کے تحت بی ایس، ایم ایس سی اور فارم ڈی ڈگری ہولڈرز بھی متعلقہ پروگرامز میں داخلے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
اجلاس میں فارم ڈی اور پوسٹ گریجویٹ ڈینٹل پروگرامز کے نظرثانی شدہ نصابات کی منظوری دی گئی۔ ایم ایس اسٹروک انٹروینشن اور ماسٹرز اِن ہیلتھ پروفیشنز ایجوکیشن کے ترمیمی نصاب کی بھی منظوری دے دی گئی۔
سنڈیکیٹ نے ایم اسلام ڈینٹل کالج گوجرانوالہ کو بی ڈی ایس کی 50 نشستوں کے ساتھ یو ایچ ایس سے الحاق دینے کی منظوری دی۔ اسی طرح رحمت اللعالمین انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے ایم ایس کارڈیالوجی اور ایم ایس کارڈیک سرجری پروگرامز کے الحاق کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم کو بورڈ آف اسٹڈیز میڈیسن کا چیئرپرسن مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر، پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ممبران ڈاکٹر عصمت طاہرہ اور ڈاکٹر ارشاد احمد، خواجہ طاہر ایڈووکیٹ، یو ایچ ایس فیکلٹی، رجسٹرار کرن فاطمہ اور متعلقہ صوبائی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
