عوامی مینڈیٹ تسلیم کیے بغیر ملک بحرانوں سے نہیں نکل سکتا: قید پی ٹی آئی رہنما
لاہور: (محمد اشفاق) کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت نے آئین اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا، عدلیہ کو تباہ کیا ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی مفاہمت، آئین کے احترام اور عوامی مینڈیٹ تسلیم کرنا ہو گا۔
کوٹ لکھپت جیل میں قید شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ ، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری نے وکیل رانا مدثر عمر کے ذریعے بیان جاری کیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے بیان میں کہا کہ پاکستان کا سیاسی منظرنامہ افسوسناک صورتحال اختیار کر چکا ہے، موجودہ حکومت منظم انداز میں آئین پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی منظرنامے سے ہٹانے کے لیے غیر قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم نے عدلیہ کو تباہ کر دیا، پیکا ایکٹ کے ذریعے میڈیا کی آواز دبائی جا رہی ہے اور مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، بیان میں پنجاب میں سی سی ڈی کے مقابلوں میں تین ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور معاشی مشکلات کے باعث ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات شروع کرے، آئین کا احترام، قانون کی بالادستی اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام یقینی بنایا جائے۔
