(لاہور نیوز) پنجاب میں خصوصی تعلیم کے شعبے کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے اشتراک سے خصوصی بچوں کیلئے جدید ڈیجیٹل تعلیمی سہولیات متعارف کرائی جائیں گی، اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن لیفٹیننٹ (ر) شعیب خان جدون نے پی آئی ٹی بی کے وفد سے ملاقات کی، جس میں خصوصی تعلیم کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تدریسی عمل کو آسان بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
منصوبے کے تحت سپیشل سکولز کے کلاس رومز کیلئے عالمی معیار کے جدید ڈیجیٹل لرننگ ماڈیولز تیار کئے جائیں گے، جبکہ خصوصی بچوں کی درسی کتب کو آسان، قابلِ فہم اور مؤثر ڈیجیٹل فارمیٹس میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ طلبہ اپنی ضروریات کے مطابق تعلیمی مواد سے استفادہ کر سکیں۔
اس کے علاوہ تعلیمی ویڈیوز کی تیاری کیلئے جدید ترین اِن ہاؤس سٹوڈیو قائم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے، اساتذہ اور سکول سٹاف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئے تربیتی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے تاکہ وہ جدید تدریسی طریقوں اور ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں استعمال کر سکیں۔
ڈی جی سپیشل ایجوکیشن نے کہا کہ خصوصی بچوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اولین ترجیح ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے خصوصی بچوں کیلئے تدریسی عمل کو آسان اور مؤثر بنایا جائے گا، جبکہ انہیں یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیمی سہولیات میں بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں، محکمہ سپیشل ایجوکیشن جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسا تدریسی نظام متعارف کرانے کیلئے کوشاں ہے جو خصوصی بچوں کی تعلیمی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کر سکے۔
