(لاہور نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ انتظامی یونٹس یا نئے صوبے لازم ہو چکے ہیں۔
لاہور میں 16ویں نیشنل یوتھ پیس فیسٹیول کا افتتاحی سیشن ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سمیت 300 سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی۔
فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عوام تک اختیارات کی منتقلی اور مسائل کے حل کے لیے مؤثر نظام ضروری ہے۔ انتظامی یونٹس یا نئے صوبے اب لازم ہو چکے ہیں، مسائل کے حل کے لیے جو بھی راستہ بنتا ہو، اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کے نظام میں تبدیلی ایم کیو ایم کا مطالبہ ہے، بلدیاتی انتخابات کا مقصد نچلی سطح تک اختیار منتقل کرنا ہے تاکہ ڈیولوشن آف پاور کے ذریعے عوام کے مسائل ان کے منتخب نمائندے حل کر سکیں۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم عوام تک طاقت کی منتقلی کے لیے کھڑی ہے اور اس حوالے سے کام کر رہی ہے، عوام کے مسائل کے حل کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے۔
دوسری جانب منتظمین کا کہنا تھا کہ دو روزہ نیشنل یوتھ پیس فیسٹیول کا مقصد فیصلہ سازی میں نوجوانوں کی شمولیت، سماجی ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینا ہے۔
مزید برآں تقریب میں رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید اور ایم کیو ایم یوتھ پنجاب کے صدر قاسم بخاری بھی شریک ہوئے۔
