(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں صفائی، حفظانِ صحت، کھیلوں کے فروغ، شہری شعور اور تعمیراتی امور کو بہتر بنانے کیلئے اہم ہدایات جاری کر دیں۔
جاری ہدایات کے مطابق تمام سرکاری سکولوں میں صفائی کا مؤثر انتظام یقینی بنایا جائے گا، جبکہ درختوں کی تراش خراش، گھاس کی کٹائی اور سکولوں کی چھتوں کی صفائی بھی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سکولوں میں پانی کی ٹینکیوں اور واش رومز کی صفائی کے ساتھ حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے، سکولوں سے کچرا فوری اٹھانے اور عمارتوں، دروازوں اور کھڑکیوں کی معمولی مرمت بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے سکولوں میں لائف سکلز اور شہری شعور کا ماڈیول مقررہ ٹائم لائن کے مطابق نافذ کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، طلبہ میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر سکول میں کم از کم تین سپورٹس پیریڈز فی ہفتہ مختص کرنے اور سپورٹس کمیٹیاں تشکیل دے کر کھیلوں کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سکولوں میں جاری تعمیراتی کام کو معیار، رفتار اور حفاظتی اصولوں کے مطابق مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اضافی کلاس رومز، سہولیات کی کمی اور خطرناک عمارتوں سے متعلق کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تعمیراتی کام کے دوران تمام سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تعمیراتی کام کے معیار یا کسی بھی حفاظتی خدشے کی صورت میں فوری طور پر رپورٹ کیا جائے تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
