(لاہور نیوز) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) نے صوبے کی جامعات کو صرف کمپیوٹر سائنس اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے دیگر اہم شعبوں میں بھی متوازن ڈگری پروگرامز شروع کرنے کی سفارش کردی۔
پی ایچ ای سی کے مطابق جامعات میں طلبہ کو اقوام متحدہ کے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز (ایس ڈی جیز) کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے، جبکہ کمپیوٹر سائنس اور اے آئی کے ساتھ توانائی، ماحولیات اور ہیومن ڈویلپمنٹ سے متعلق ڈگری پروگرامز پر بھی توجہ دی جائے۔
چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر اقرار نے کہا کہ اس وقت جامعات کی زیادہ تر توجہ کمپیوٹر بیسڈ ڈگری پروگرامز پر ہے۔ پنجاب کی جامعات کو مختلف شعبوں میں متوازن ڈگری پروگرامز شروع کرنے کی سفارش کی جا رہی ہے تاکہ اعلیٰ تعلیم کو معاشرتی اور ملکی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ہائر ایجوکیشن کے تحت تقریباً 600 ڈگری پروگرامز جاری ہیں، تاہم ان میں سے بہت سے پروگرامز غیر ضروری ہیں۔ ایسے پروگرامز کو بند کرنے کی ضرورت ہے تاکہ جامعات میں معیاری اور ضرورت سے ہم آہنگ پروگرامز کو فروغ دیا جاسکے۔
پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بورڈ نے جامعات سے متعلق سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔
