(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، بلکہ ملک میں اتنا ٹیلنٹ موجود ہے کہ اسے سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں یو سی پی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر کافی عرصے سے تنقید ہوتی رہی ہے، تاہم کھلاڑیوں کی تیاری اور کرکٹ کے فروغ کیلئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ دو سال قبل قومی ٹیم میں شامل کرنے کیلئے نئے کھلاڑی دستیاب نہیں تھے، جبکہ اب ملک میں موجود ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور اسے بہتر انداز میں استعمال کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے، عاقب جاوید اور دیگر افراد نے اس سلسلے میں بہت محنت کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پہلی مرتبہ سکول کرکٹ کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت لاہور میں 1400 سکولوں کی ٹیمیں موجود ہیں، ان کے مطابق اگلے سال سکول کرکٹ ٹیموں کی تعداد 3 ہزار سے زیادہ ہو جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکول کرکٹ کے انعقاد کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنا اور مستقبل کیلئے نیا کرکٹ ٹیلنٹ سامنے لانا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ رواں سال سے پی سی بی جیتنے والی ٹیم کو 2 کروڑ روپے انعام دے گا، جبکہ رنر اپ ٹیم کو ایک کروڑ روپے دیئے جائیں گے، انعامی رقم کا مقصد ٹیموں کی حوصلہ افزائی اور کرکٹ کے مقابلوں میں دلچسپی بڑھانا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اگلے سال سے ویمن کرکٹ چیمپئن شپ بھی کرانے کا منصوبہ ہے، اس اقدام کے ذریعے خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
محسن نقوی نے مزید اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کو بہتر انداز میں سامنے لانے کیلئے سکول کرکٹ اور دیگر مقابلوں کا انعقاد اہم ہے، تاکہ مستقبل میں قومی ٹیم کیلئے نئے کھلاڑی تیار کئے جا سکیں۔
