سی سی پی او لاہور کا جیب تراشی میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم
(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت جرائم کی روک تھام سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں جیب تراشی، چوری، نقب زنی اور خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جیب تراشی میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جیب تراشوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے اور چوری و نقب زنی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
اجلاس میں جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور گرفتاریوں کے لیے سیف سٹی کے کیمروں سے بھرپور مدد لینے کی ہدایت کی گئی۔ سی سی پی او لاہور نے نقب زنی کے ہاٹ سپاٹس پر سکیورٹی بیریئرز اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ جرائم کی روک تھام اور مشتبہ افراد کی نگرانی کو مؤثر بنایا جاسکے۔
بلال صدیق کمیانہ نے جھوٹی درخواستیں دینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اشتہاری اور دیگر مطلوب ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
سی سی پی او لاہور نے خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے اور خواتین کا تحفظ و قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
