(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ٹیم کی پوری توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے اور میچ جیتنے پر مرکوز ہے۔
پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ لاہور کی کنڈیشنز مختلف ہیں، اس لئے ٹیم کمبی نیشن کا فیصلہ حالات کے مطابق کریں گے، تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں، اگر ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت ہوئی تو ضرور کی جائے گی۔
انہوں نے نوجوان بلے باز صائم ایوب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایک اچھا کھلاڑی ہے اور امید ہے کہ وہ ٹیم کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، صائم ایوب اور فخر زمان کو ڈراپ نہیں کیا جا رہا، تاہم ضرورت پڑنے پر صاحبزادہ فرحان کو بھی ون ڈے کرکٹ میں موقع دیا جا سکتا ہے، فخر زمان ٹیم میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
شاہین آفریدی نے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کرکٹرز اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں اور اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش بھی کرتے ہیں، کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں محنت کا سلسلہ جاری رکھنا ضروری ہے، ٹیم کی کوشش ہے کہ میدان میں بہترین کھیل پیش کرکے کامیابی حاصل کی جائے۔
اپنی بولنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے اعتراف کیا کہ ان کی بولنگ سپیڈ میں کمی آئی ہے، تاہم وہ وکٹیں حاصل کر رہے ہیں جو ان کیلئے خوش آئند بات ہے، ٹیم اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے محنت جاری رکھے گی اور میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔
