(لاہور نیوز) محکمہ ہائر ایجوکیشن نے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کی پروموشن اور کنٹریکٹ میں توسیع کو کارکردگی سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کو تین سال کیلئے تعینات کیا گیا ہے، تاہم ان کی کارکردگی کا 18 ماہ بعد باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ 18 ماہ بعد کارکردگی کی بنیاد پر چیئرمینز کے کنٹریکٹ میں توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا، اس مقصد کیلئے چیئرمینز کی کارکردگی جانچنے کیلئے خصوصی پرفارمنس انڈیکیٹرز بھی تیار کئے جائیں گے۔
حکام کے مطابق کارکردگی کے جائزے میں مقررہ اہداف کے حصول اور بورڈز کے انتظامی و تعلیمی امور کی بہتری کو مدنظر رکھا جائے گا، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چیئرمینز کے کنٹریکٹ میں توسیع کی جائے گی، جبکہ مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والوں کے مستقبل کا فیصلہ کارکردگی رپورٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
