(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں تعطیلات کے بعد آج سے سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہو گئیں۔
وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سکول واپسی پر طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ الحمدللہ آج سے تعلیمی سلسلہ معمول کے مطابق بحال ہو گیا ہے اور طلبہ نئی توانائی کے ساتھ اپنا تعلیمی سفر وہیں سے آگے بڑھائیں گے جہاں سے رکا تھا۔
رانا سکندر حیات کے مطابق پنجاب بھر کے سکولوں کیلئے پیر سے جمعہ تک اوقاتِ کار مقرر کر دیئے گئے ہیں، سکولوں کا وقت صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بج کر 30 منٹ تک ہو گا، جبکہ تعلیمی اداروں کو نوٹیفکیشن میں درج اوقاتِ کار کے مطابق اپنا شیڈول ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھٹیوں کے بعد جن بچوں کی تعلیم کسی وجہ سے متاثر ہوئی ہے، اساتذہ ان کے تعلیمی تسلسل کی بحالی میں بھرپور کردار ادا کریں، آؤٹ آف سکول بچوں کی تعداد میں اضافے کو روکنا ایک بڑا چیلنج ہے اور ہر بچے کو سکول تک لانا حکومت، اساتذہ، والدین اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیرِ تعلیم نے مزید کہا کہ مستقبل میں تعلیمی نقصانات سے بچنے کیلئے نئی حکمتِ عملی وضع کرنے پر مشاورت جاری ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ تعطل کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور بچوں کی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔
