تھانہ لاری اڈہ میں ریٹائرڈ ہونے والے کنسٹیبل ظہور کے اعزاز میں الوداعی تقریب
(لاہور نیوز) لاہور پولیس کی جانب سے ریٹائرڈ ہونے والے افسران اور اہلکاروں کو باعزت انداز میں رخصت کرنے کی روایت برقرار ہے۔
تھانہ لاری اڈہ میں ریٹائرڈ ہونے والے کنسٹیبل ظہور کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں ڈی ایس پی مبشر اعوان، ایس ایچ او نسیم خان، ایس ایچ او حسنین سمیت پولیس افسران، اہلکاروں اور کنسٹیبل ظہور کے دوست احباب نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی ایس پی مبشر اعوان اور دیگر پولیس افسران نے کنسٹیبل ظہور کو پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے پیش کئے، جبکہ سٹاف ممبران نے انہیں ریٹائرمنٹ پر مبارکباد دی۔
پولیس ترجمان کے مطابق کنسٹیبل ظہور نے محکمہ پولیس میں 38 برس تک اپنی خدمات انجام دیں اور وہ تھانہ لاری اڈہ میں بھی فرائض سرانجام دیتے رہے۔
ایس پی سٹی نے کنسٹیبل ظہور کی محکمانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے ریٹائرمنٹ پر کنسٹیبل ظہور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس ایک خاندان کی مانند ہے اور ریٹائرڈ ہونے والے تمام افسران و اہلکار اس خاندان کا ہمیشہ حصہ رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر کنسٹیبل ظہور کو نیک خواہشات اور دعاؤں کے ساتھ گھر کیلئے روانہ کیا گیا۔
