(لاہور نیوز) سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا اور اکیڈمی میں جدید سہولیات، ترقیاتی منصوبوں اور نوجوان کرکٹرز کی تربیت کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا کریڈٹ چیئرمین پی سی بی کو جاتا ہے۔، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید سہولیات اور ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ترقیاتی منصوبوں میں تسلسل برقرار رہا تو پاکستان کرکٹ میں مزید بہتری آئے گی، نوجوان کرکٹرز خوش قسمت ہیں کہ انہیں جدید سہولیات اور بہترین ماحول میسر ہے۔
سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ نئی بولنگ مشین بلے بازوں کی تکنیک بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گی، جبکہ پاکستان میں ری ہیب کی جدید سہولیات کی فراہمی بھی کرکٹرز کیلئے فائدہ مند ہو گی۔
محمد عامر نے نوجوان کرکٹرز کی ڈائٹ، ٹریننگ اور ری ہیب کی نگرانی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری پاکستان کرکٹ کے مستقبل کیلئے ضروری ہے۔
انہوں نے ملتان میں انڈر 19 کھلاڑیوں کیلئے تربیتی پروگرام کو مثبت پیش رفت قرار دیا، جبکہ سیالکوٹ میں انڈر 15 اور فیصل آباد میں انڈر 17 کھلاڑیوں کی تربیت کے اقدامات کو بھی سراہا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی سابق کرکٹرز کے تجربات اور تجاویز سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، سابق کھلاڑیوں کی تجاویز پر مشاورت کے بعد پی سی بی کو سفارشات پیش کی جائیں گی تاکہ پاکستان کرکٹ کی بہتری اور نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جا سکیں۔
