(لاہور نیوز) ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز کے میچز کے انعقاد کے پیش نظر لاہور پولیس نے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔
لاہور میں سیریز کے فائنل سمیت 4 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 25 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق ٹرائی نیشن سیریز کے تمام میچز کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ کھلاڑیوں کی قیام گاہوں، آمدورفت کے روٹس اور قذافی اسٹیڈیم کے اطراف سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور شائقینِ کرکٹ کو پُرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔ مکمل تلاشی اور سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ میچز کے دوران پولیس پٹرولنگ ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی، جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے اہم مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
سی سی پی او لاہور کے مطابق قذافی اسٹیڈیم سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ لاہور پولیس شہریوں کے تحفظ اور کھیلوں کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔
