سسٹم والا بیان بے معنی، ملک میں ہائبرڈ نہیں، آئینی جمہوری نظام ہے: رانا ثنا اللہ
(لاہور نیوز) وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں ہائبرڈ نہیں، آئینی جمہوری نظام موجود ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کا "سسٹم تباہ ہو چکا" والا بیان بے معنی ہے اور اس کا کوئی واضح سیاق و سباق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پارلیمانی جمہوری نظام آئین کے مطابق چل رہا ہے، وفاق، عدلیہ اور انتظامیہ سب 1973 کے آئین کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، اس لیے نظام کے تباہ ہونے کی بات درست نہیں۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ اگر نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کی ضرورت ہے تو وہ بھی آئینی طریقہ کار کے تحت ہی بنیں گے،۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بااختیار بلدیاتی نظام اور انتظامی اصلاحات پر بات ہو سکتی ہے، لیکن آئین سے ہٹ کر کسی اقدام کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں ہائبرڈ نظام نہیں بلکہ آئینی جمہوری نظام موجود ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے باہمی تعاون اور احترام کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر عزت ملی ہے، ان کے بقول دہشت گردی کے خلاف کامیاب اقدامات اور’معرکۂ حق‘ میں کامیابی اسی قومی یکجہتی کا نتیجہ ہے۔
مشیر وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کا وقار بلند کیا ہے، ان کا آزاد کشمیر کے انتخابات کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ میرپور میں 53 فیصد ٹرن آؤٹ رہا جبکہ مظفرآباد کی نشستوں پر بھی عوام نے بھرپور شرکت کی۔
مشیر وزیراعظم نے مزید کہا کہ بعض عناصر انتخابات میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے تھے تاہم عوام کی بھرپور شرکت سے یہ کوششیں ناکام ہوئیں اور بھارتی ایجنڈے کو بھی شکست ہوئی۔
