(لاہور نیوز) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کمشنر لاہور نعمان یوسف اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا۔
ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں، سول سوسائٹی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے حقِ خودارادیت کے حق میں نعرے لگائے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر کمشنر لاہور نعمان یوسف نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر حملہ تھا اور عالمی ضمیر کو اس معاملے پر اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہئے، پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ضلعی انتظامیہ سمیت پوری قوم ان کی جدوجہدِ آزادی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ شہر بھر میں منعقد ہونے والی یکجہتی کشمیر ریلیاں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی وابستگی اور غیرمتزلزل حمایت کا اظہار ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ 5 اگست کا دن کشمیری عوام کے حقوق پر ایک غاصبانہ حملے کی یاد دلاتا ہے، آج کی ریلی کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا عملی اظہار ہے اور کشمیری عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی اور انہیں ان کا بنیادی حقِ خودارادیت ضرور ملے گا۔
