(لاہور نیوز) یومِ آزادی کی آمد کے ساتھ ہی شہر بھر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جبکہ مختلف بازار قومی پرچموں، جھنڈیوں اور سبز و سفید سجاوٹی اشیا سے سج گئے ہیں۔
شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں یومِ آزادی کے حوالے سے خصوصی سٹالز قائم کر دیئے گئے ہیں، جہاں قومی پرچم، بیجز، ٹی شرٹس، کیپس، سکارف، سبز و سفید چوڑیاں، جیولری اور دیگر سجاوٹی اشیا شہریوں کی بھرپور توجہ حاصل کر رہی ہیں۔
بازاروں میں خریداروں کا رش بھی بڑھنے لگا ہے، والدین اپنے بچوں کیلئے قومی پرچم، بیجز اور یومِ آزادی سے متعلق دیگر سامان خرید رہے ہیں، جبکہ خواتین سبز و سفید چوڑیوں، سکارف اور دیگر آرائشی اشیا کی خریداری میں دلچسپی لے رہی ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ 14 اگست قریب آتے ہی خریداروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور آئندہ چند روز میں خریداری مزید بڑھنے کی توقع ہے، شہری قومی جذبے کے تحت اپنے گھروں، گاڑیوں اور کاروباری مراکز کو سجانے کیلئے مختلف اشیا خرید رہے ہیں۔
بازاروں میں سبز و سفید رنگوں کی بہار نے جشنِ آزادی کی رونقوں کو دوبالا کر دیا ہے، جبکہ شہری اپنے اپنے انداز میں وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے اظہار کیلئے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔
