(لاہور نیوز) مانگامنڈی میں معمولی تلخ کلامی کے بعد فوڈ پوائنٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، فوٹیج میں ایک ملزم کو فوڈ پوائنٹ کے عملے پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق بودا جٹ اور دو نامعلوم افراد کی جوس کی رقم کم دینے کے معاملے پر فوڈ پوائنٹ کے عملے سے تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد مبینہ طور پر بودا جٹ نے طیش میں آکر 30 بور پستول سے فوڈ پوائنٹ کے مالک اور عملے پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں فوڈ پوائنٹ کا عملہ خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔ فوڈ پوائنٹ کے مالک عثمان نے فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی، جس پر مانگامنڈی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
