21 Jul 2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ایک کروڑ 3 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار دو ملزمان محمد ابوبکر اور عارف کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔
جسٹس طارق ندیم نے ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ ملزمان کے خلاف 2025 میں تھانہ صدر قصور میں ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ملزمان کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ دونوں ملزمان گزشتہ 14 ماہ سے جیل میں قید ہیں جبکہ پراسیکیوشن ان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکی۔ وکیل نے کہا کہ کسی بھی ملزم کو جرم ثابت کیے بغیر غیر معینہ مدت تک جیل میں نہیں رکھا جاسکتا۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی ضمانت دس، دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔
