(لاہور نیوز) فیکٹری ایریا کے علاقے میں پولیس کی ریڈنگ ٹیم پر مبینہ ڈاکو کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی، جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ریڈنگ ٹیم نے خفیہ اطلاع پر مبینہ ڈکیت حسنین بٹ عرف سنی کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا، اس دوران ملزم نے گرفتاری سے بچنے کیلئے مزاحمت کرتے ہوئے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ اس کی فائرنگ کی زد میں آ کر گلی میں کھڑی ایک خاتون جاں بحق ہو گئی، متوفیہ کی شناخت ارفع بی بی زوجہ بلال کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
ایس پی کینٹ کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
