(محمد اشفاق) پاکستان کی پانچوں ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تقرری اور ایڈیشنل ججز کی توثیق کے لیے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اہم اجلاسوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 20 جولائی کو دوپہر 2 بجے سندھ ہائیکورٹ سے متعلق اجلاس ہو گا، جس میں دو ایڈیشنل ججز کی توثیق، پانچ نئے ایڈیشنل ججز کی تقرری اور آئینی بینچز کی مدت میں توسیع پر غور کیا جائے گا۔
اسی روز سہ پہر 3 بجے اسلام آباد ہائیکورٹ سے متعلق اجلاس میں تین نئے ایڈیشنل ججز کی تقرری کا معاملہ زیر غور آئے گا جبکہ شام 4 بجے پشاور ہائیکورٹ کے چار ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل جج توثیق پر غور کیا جائے گا۔
21 جولائی کو دوپہر 2 بجے لاہور ہائیکورٹ سے متعلق اجلاس ہو گا، جس میں ایک ایڈیشنل جج کی توثیق اور دس نئے ایڈیشنل ججز کی تقرری پر غور کیا جائے گا، بعد ازاں سہ پہر 3 بجے بلوچستان ہائیکورٹ سے متعلق اجلاس میں پانچ ایڈیشنل ججز کی تقرری ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔
جوڈیشل کمیشن کے ان اجلاسوں میں ہائیکورٹس میں ججز کی تقرری، ایڈیشنل ججز کی توثیق اور سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں توسیع سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
