(لاہور نیوز) سی سی ڈی اغواء برائے تاوان سیل نے کامیاب کارروائیوں کے دوران پانچ گمشدہ اور گھر سے جانے والے بچوں کو ٹریس کرکے بحفاظت ان کے والدین کے حوالے کر دیا۔
ترجمان کے مطابق ایدھی سینٹر اور سی سی ڈی کی مشترکہ کاوشوں سے چار روز سے ایدھی سینٹر میں موجود ایک گونگی اور بہری لاوارث بچی کو بھی ٹریس کر لیا گیا، بچی اپنا گھر یا پتہ بتانے سے قاصر تھی، جس پر سی سی ڈی نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران لاہور میں درج بچیوں کے اغواء کے مقدمات کا جائزہ لے کر والدین سے رابطہ کیا۔
تھانہ مناواں میں درج مقدمے کے مدعی محمد صفدر نے ایدھی سینٹر پہنچ کر بچی کی شناخت کر لی، جبکہ دیگر چار بچوں کے اغواء کے مقدمات بھی لاہور کے مختلف تھانوں میں درج تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایدھی سینٹر اور سیف سٹی کی مدد سے بچوں کی تلاش ممکن ہوئی، جبکہ بازیاب بچوں کو بحفاظت ان کے والدین کے سپرد کر دیا گیا، والدین نے بچوں کی بحفاظت بازیابی پر سی سی ڈی کا شکریہ ادا کیا۔
