(لاہور نیوز) ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے مون سون سیزن کے پیش نظر سرکاری و نجی سکولوں کے لیے حفاظتی ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں کو فوری طور پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام نجی سکول عمارت، کلاس رومز، چھتوں، باؤنڈری والز اور گیٹس کی فوری حفاظتی جانچ کرائیں، خستہ حال یا غیر محفوظ عمارتوں میں فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول تک تدریسی سرگرمیاں معطل رکھی جائیں۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے سکولوں میں نکاسی آب کے مؤثر انتظامات، بجلی کی وائرنگ، سوئچ بورڈز اور برقی آلات کی فوری چیکنگ اور خراب کنکشنز کی مرمت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارش، آندھی، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے دوران طلبہ اور عملے کو غیر ضروری طور پر باہر نہ جانے دیا جائے، سکولوں میں موجود درختوں کی کانٹ چھانٹ، کمزور شاخوں کی تلفی، چھتوں، سیڑھیوں، راہداریوں اور کھیل کے میدانوں کو پھسلن اور رکاوٹوں سے پاک رکھا جائے۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے ہر سکول میں مکمل فرسٹ ایڈ کٹ، ہنگامی رابطہ نمبرز نمایاں رکھنے، کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دینے اور محکمہ موسمیات کی وارننگز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ حفاظتی ہدایات پر غفلت برتنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
