مریم نواز سے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں گڈ گورننس، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی پروگراموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کو حکومت پنجاب کی کارکردگی، انتظامی اقدامات اور عوامی فلاح کے منصوبوں سے آگاہ کیا، جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے صوبائی حکومت کے انتظامی امور اور مختلف اقدامات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سب کو پاکستانی بن کر پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہیے، عوامی خدمت کے لیے سفارش اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، حکومت ایسا نظام قائم کرنا چاہتی ہے جہاں کسی شہری کو اپنا جائز کام کروانے کے لیے سفارش کی ضرورت نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو محض نمائشی حیثیت دینے کے بجائے ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے، ہماری خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، اس لیے پرانی سوچ اور روایات کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی بھی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے پنجاب میں گڈ گورننس اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہا اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کو مفید اور معلوماتی قرار دیا۔ اس موقع پر وفد کو پنجاب کے مختلف شہروں کے مطالعاتی دوروں کی دعوت بھی دی گئی۔
ملاقات کے اختتام پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یادگاری سووینئر پیش کیا، جبکہ وزیراعلیٰ اور وفد کے ارکان نے گروپ فوٹو بھی بنوائی۔
