(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کی رکن حنا پرویز بٹ نے سرگودھا میں سات سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کے بعد بہیمانہ قتل کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز اور ناقابلِ برداشت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ معصوم بچی کے ساتھ پیش آنے والا افسوسناک واقعہ پوری قوم کیلئے صدمے کا باعث ہے، انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اس مقدمے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سات سالہ بچی کے قاتل کو قانون کے مطابق عبرتناک سزا دلوائی جائے گی، جبکہ کم سن بچیوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے درندہ صفت ملزمان معاشرے کیلئے ناسور ہیں اور ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔
حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ سرگودھا پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا، جس سے کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچیوں کے خلاف جنسی تشدد اور قتل جیسے سنگین جرائم کے حوالے سے حکومت پنجاب زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن "خواتین کیلئے محفوظ پنجاب" کے تحت خواتین اور بچیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متاثرہ خاندان کے دکھ میں حکومت برابر کی شریک ہے اور انصاف ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
