(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے یومِ عاشور کے موقع پر ٹریفک اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دربار داتا علی ہجویریؒ، مرکزی جلوس کے روٹس اور کربلا گامے شاہ کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈی ایس پی راشد حیات نے سی ٹی او لاہور کو متبادل راستوں، ڈائیورژن پوائنٹس اور پارکنگ انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر سی ٹی او نے ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈنز سے بھی ملاقات کی اور انہیں فرائض کی انجام دہی میں مکمل ذمہ داری اور مستعدی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ عاشورہ کے دوران شہریوں اور عزاداروں کی سہولت کیلئے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، غسلِ داتا صاحب، مجالس اور جلوسوں میں شرکت کیلئے آنے والے زائرین کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے محفوظ اور منظم انتظامات کئے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور دورانِ ڈیوٹی مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر خصوصی نظر رکھیں، شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یومِ عاشور پر ٹریفک کی مؤثر نگرانی اور انتظام کیلئے 3 ہزار سے زائد ٹریفک اہلکار شہر بھر میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے تاکہ عزاداروں اور عام شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
