(لاہور نیوز) محصولات کے مقررہ اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے اپنے دفاتر کے اوقات کار میں نمایاں اضافہ کر دیا، جبکہ افسران کی ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق چیئرمین معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت ہیڈکوارٹر سمیت پنجاب ریونیو اتھارٹی کے تمام دفاتر 30 جون تک صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک توسیع شدہ اوقات کار کے مطابق کام کریں گے، اوقات کار میں توسیع کا فیصلہ محصولات کی وصولیوں کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور مالی سال کے اختتام سے قبل مقررہ ریونیو اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق تمام افسران اور متعلقہ عملہ مقررہ مدت تک اضافی اوقات میں فرائض سرانجام دے گا تاکہ محصولات کی وصولی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
