(لاہور نیوز) محرم الحرام کے موقع پر ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کی آپریشن ٹیمیں شہر بھر میں متحرک ہیں۔
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین کے مطابق شہر بھر کی 121 امام بارگاہوں اور ان کے اطراف میں واشنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی عملہ مینوئل سویپنگ اور ویسٹ کلیئرنس کو یقینی بنا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کی صفائی ٹیمیں جلوسوں کے راستوں پر پانی کے چھڑکاؤ کے فرائض بھی انجام دے رہی ہیں تاکہ زائرین کو بہتر اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈی جی کے مطابق راوی ٹاؤن میں 13، شالیمار ٹاؤن میں 15 اور واہگہ ٹاؤن میں 8 امام بارگاہوں کی صفائی اور واشنگ مکمل کی جا چکی ہے، اسی طرح عزیز بھٹی ٹاؤن میں 7، گلبرگ ٹاؤن میں 21 اور علامہ اقبال ٹاؤن میں 16 امام بارگاہوں کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے۔
مزید برآں نشتر ٹاؤن میں 10، سمن آباد ٹاؤن میں 11 اور داتا گنج بخش ٹاؤن میں 20 امام بارگاہوں کی صفائی اور دھلائی کا عمل جاری ہے۔
محکمہ صفائی کے مطابق موچی گیٹ سے کربلا گامے شاہ، شادمان سے شاہ جمال اور اسلام پورہ کی پانڈو سٹریٹ سے پرانی انارکلی تک جلوسوں کے راستوں پر خصوصی صفائی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح علی رضا آباد اور ٹھوکر گاؤں کے جلوسی راستوں پر بھی ستھرا پنجاب ایجنسی کی ٹیمیں صفائی انتظامات کی نگرانی کر رہی ہیں۔
ڈی جی بابر صاحب دین نے کہا کہ زائرین کی سہولت کیلئے جلوسوں کے روٹس پر موجود کوڑا دان اور کنٹینرز بروقت خالی کئے جا رہے ہیں تاکہ صفائی کی صورتحال برقرار رہے اور عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
