(لاہور نیوز) محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ڈولفن سکواڈ کو فرنٹ لائن پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ایس پی ڈولفن بلال احمد نے گلبرگ، شالیمار، مال روڈ، فیروزپور روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ڈولفن ٹیموں اور سیکٹر انچارجز کی سرپرائز چیکنگ کی، دورے کے دوران انہوں نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی کارکردگی، الرٹنس اور رسپانس میکانزم کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ایس پی ڈولفن نے ڈویژنل سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی کال پر فوری طور پر موقع پر پہنچیں، اس موقع پر مختلف ٹیموں کا ریسپانس ٹائم بھی چیک کیا گیا تاکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے ڈولفن ٹیموں سے ای پولیس ایپ کے ذریعے مشکوک افراد کی چیکنگ کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی اور ہدایت دی کہ مشکوک موٹر سائیکلوں اور افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، بلال احمد نے مزید کہا کہ جرائم کے خدشات والے علاقوں میں سٹاپ اینڈ سرچ کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
ایس پی ڈولفن کا کہنا تھا کہ تمام اہلکار پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دیں اور ایس او پیز کی مکمل پابندی کریں، ایمرجنسی 15 کی کالز پر فوری اور غیر معمولی رسپانس ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کی بنیادی ذمہ داری اور ایس او پی کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور ان کے ساتھ شائستہ رویہ اختیار کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عزاداروں اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
