(لاہور نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
لاہور میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہیلتھریکس امریکن سینٹر آف ایکسی لینس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کو حکومت نے بھرپور سپورٹ فراہم کی، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینا اولین ترجیح ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ نوجوان نسل نے ملک کو ڈیلیور کرنا ہے، امید ہے پاکستانی نوجوان بھی ملک میں عالمی معیار کے کاروباری سیٹ اپ قائم کریں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اگر اللہ پاک ذمہ داری دیتا ہے تو اس کا حساب بھی لیتا ہے، کسی عہدے پر ہونے سے آپ کو عوام کو جوابدہ ہونا پڑتا ہے، آپ کے ایک فیصلے سے ہزاروں افراد پر اثر پڑتا ہے، کاش ہمارے سیاستدان اپنے تعلقات چھوڑ کر ملک کیلئے کام کرنا شروع کر دیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح فیصلے کرنے کی توفیق عطا فرمائے، یوتھ کو مواقع فراہم کرنا ہمارے لیے سب سے اہم ہے، نوجوان نسل نے ملک کو ڈلیور کرنا ہے۔
