پنجاب: تھانوں میں داخلے کیلئے نئے ایس او پیز نافذ، بائیومیٹرک کرانا لازمی قرار
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر کے تھانوں میں شہریوں کے داخلے کے لیے نئے ایس او پیز نافذ کیے گئے ہیں، جن کے مطابق ہر شہری کو تھانے میں داخل ہونے سے قبل بائیومیٹرک تصدیق کروانا ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی آئی ٹی پنجاب کی جانب سے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ تھانوں میں بائیومیٹرک مشینیں نصب کی جائیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ نظام نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے ڈیٹا بیس سے منسلک ہوگا، جس کے ذریعے درخواست گزار شہری کی شناخت اور ریکارڈ فوری طور پر سامنے آ سکے گا۔
مراسلے میں مبینہ طور پر کہا گیا ہے کہ بائیومیٹرک نظام کے بغیر کوئی شہری تھانے میں داخل نہیں ہو سکے گا، اور اس اقدام کا مقصد ریکارڈ یافتہ افراد کی نقل و حرکت کو محدود کرنا اور سکیورٹی کو بہتر بنانا ہے۔
اطلاعات کے مطابق متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر تھانوں میں بائیومیٹرک سسٹم نصب کیا جائے۔
تاہم اس حوالے سے ابھی تک حکام کی جانب سے باضابطہ اور واضح سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا، جس کے بعد اس خبر کی حتمی تصدیق ہونا باقی ہے۔
