(لاہور نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پنجاب نے ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ گمراہ کن اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے کے الزام میں لاہور اور ملتان میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق فیصل ٹاؤن لاہور سے فقیر محمد جبکہ ملتان سے محمد مقصود کو حراست میں لیا گیا، کارروائیوں کے دوران ملزمان کے زیر استعمال موبائل فونز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق اہم شواہد بھی حاصل کیے گئے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کیخلاف اشتعال انگیز ویڈیوز اور پوسٹس شیئر کرنے میں ملوث تھے، حکام کے مطابق ایسے مواد سے عوام میں بے چینی، انتشار اور غلط فہمیوں کے پھیلاؤ کا خدشہ پیدا ہو سکتا تھا۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم نے کہا کہ سائبر اسپیس کو قانون شکنی اور نفرت انگیز مہمات کیلئے استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف ادارے کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
