(ویب ڈیسک) 2026 میں پاکستانی شوبز شخصیات کی بڑی تعداد کو فریضۂ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔
دنیا بھر سے لاکھوں مسلمانوں کی طرح پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف فنکار، اینکرز اور سوشل میڈیا شخصیات بھی ان دنوں مقدس سرزمین پر موجود ہیں اور اپنے روحانی سفر کی جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔
حج اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں شامل ایک اہم عبادت ہے، جو ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک بار فرض کی گئی ہے، اس مقدس عبادت کے دوران دنیا بھر سے مسلمان مکہ مکرمہ میں جمع ہو کر اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی اور بندگی کا اظہار کرتے ہیں۔
جہاں عام لوگ اس مبارک سفر پر ہیں، وہیں ہر سال کی طرح اس بار بھی پاکستان کی کئی نامور شخصیات حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس میں موجود ہیں۔
مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ان مشہور ستاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے اس خوبصورت سفر کی جھلکیاں اور تازہ ترین صورتحال مداحوں کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہیں۔
معروف ٹی وی میزبان وسیم بادامی خاص طور پر توجہ کا مرکز بنے رہے، انہوں نے اپنے روحانی سفر کی تصاویر اور لمحات سوشل میڈیا پر شیئر کئے، جنہیں مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔
اسی طرح سینئر صحافی اور اینکر پرسن فرح اقرار نے بھی حج کی ادائیگی کے دوران روح پرور تصاویر شیئر کیں، مداحوں نے ان کیلئے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا کی مقبول جوڑی ذوالقرنین سکندر اور کنول آفتاب بھی اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں، دونوں شخصیات نے خانہ کعبہ سے اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔
اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر وسیم کرم اور سابق قومی کپتان مصباح الحق بھی شامل ہیں، دونوں شخصیات نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ روح پرور تصاویر شیئر کیں۔
مشہور کامیڈین اور میزبان تابش ہاشمی نے بھی تصاویر شیئر کیں۔
اداکارہ طوبیٰ انور نے بھی حج کے دوران اپنی روحانی کیفیات مداحوں کے ساتھ شیئر کیں، جبکہ معروف گلوکار ہمایوں عالمگیر نے بھی مقدس مقامات سے تصاویر پوسٹ کیں۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ درفشاں سلیم اور اداکار بلال عباس کی حج تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اور مداح ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ معروف نامور مقرر قاسم علی شاہ بھی اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے والی شخصیات میں شامل ہیں۔
ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی پاکستانی شوبز اور میڈیا انڈسٹری سے وابستہ شخصیات کی جانب سے حج کی ادائیگی کے روحانی لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کئے جا رہے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر ان کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
