(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی سے متعلق گردش کرتی خبروں کے درمیان ایک اہم پیشرفت سامنے آ گئی۔
اداکارہ کے قریبی ساتھی حمزہ حبیب نے تصدیق کی ہے کہ دونوں کا نکاح دو روز قبل ہو چکا ہے اور اب وہ صرف منگیتر نہیں بلکہ مومنہ اقبال کے شوہر ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ حبیب نے بتایا کہ ’’الحمدللہ ہمارا نکاح ہو چکا ہے، مومنہ اقبال اب میری قانونی بیوی ہیں،‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کے تحفظ اور عزت کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ حبیب کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں یکم جون تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کر دی، ان کے خلاف جھنگ پولیس نے ثاقب چڈھر نامی شخص کو مبینہ دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
عدالت کے باہر گفتگو میں حمزہ حبیب نے مقدمے کو سیاسی اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی، ثاقب چڈھر نے ان سے رابطہ کرکے مومنہ اقبال سے علیحدگی اختیار کرنے کے بدلے مالی فائدے کی پیشکش بھی کی۔
حمزہ حبیب نے جذباتی انداز میں کہا کہ ’’مومنہ میری عزت ہے، میری بیوی ہے اور وہ میری شیرنی ہے،‘‘ ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے نئی نویلی جوڑی کیلئے نیک تمناؤں اور دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔
