پبلک ٹرانسپورٹ پر کرایہ نامہ آویزاں کرنا لازمی قرار،اوورچارجنگ پر فوری کارروائی
(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر پنجاب بھر میں ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بس اڈوں اور پبلک گاڑیوں میں کرایہ نامے نمایاں طور پر آویزاں کرنے اور اوورچارجنگ کے خلاف فوری کارروائی کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے تمام ٹریفک افسران اور سپروائزری سٹاف کو دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ سے قبل مویشی منڈیوں، بازاروں اور شاہراہوں پر رش میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھا جائے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں ممکنہ غیر قانونی اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر سرکاری کرایہ نامہ ہر صورت آویزاں کروایا جائے اور مسافروں سے مقررہ کرایہ ہی وصول کیا جائے۔
محمد وقاص نذیر نے فیلڈ کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی آر ٹی اے حکام کے ساتھ ملاقاتیں کر کے اوورچارجنگ کی روک تھام کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کریں، جبکہ اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
