(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے لوکل روڈز پروگرام کے تحت دیہی سڑکوں کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پروگرام کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف انجینئرز اور ایکسین نے آن لائن شرکت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پروگرام میں مجموعی طور پر 1530 سکیمیں شامل کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ صوبے بھر میں 444 لوکل روڈز پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ دیگر شاہراہوں پر بھی فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، اب تک تقریباً 20 فیصد ارتھ ورک مکمل کیا جا چکا ہے۔
لوکل روڈز پروگرام کے تحت 3310 کلومیٹر دیہی رابطہ سڑکوں کی بحالی کی جائے گی، جس سے دیہات میں آمد و رفت کے نظام میں بہتری آئے گی اور مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام تعمیراتی کام ماہ جون تک مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
