(لاہور نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ تہران پہنچ گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اعلیٰ سطح کےوفد میں شامل ہیں ۔ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا.
عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد ایران پہنچ گیا ہے جہاں وہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے اہم بات چیت کرے گا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایرانی ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گورنر جدہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف 18 اپریل تک سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔
