
(ویب ڈیسک) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) نے آؤٹ سورس سکولوں میں اساتذہ کو نقد تنخواہوں کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی۔
پیف نے لائسنس یافتہ سکولوں کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی صرف ڈیجیٹل طریقہ سے کریں اور اس حوالے سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یکم مارچ 2025 سے اساتذہ کو صرف اکاؤنٹ یا ڈیجیٹل طریقہ کار سے تنخواہیں ادا کی جائیں گی، اساتذہ کی تنخواہوں کا ریکارڈ ٹیچرز انفارمیشن سسٹم پر فراہم کیا جائے گا، اگر کسی لائسنس یافتہ سکول نے ان احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا تو ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
پیف کے مطابق فیز ون میں آؤٹ سورس ہونے والے سکولوں کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہے اور ان سکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے، اس اقدام کا مقصد اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کو شفاف اور منظم بنانا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔