آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، لاپتہ خواتین کی بازیابی کے اقدامات تیز کرنے کا حکم
(لاہور نیوز) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے صوبے بھر میں لاپتہ خواتین کی جلد از جلد بازیابی کے لیے اقدامات مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
آئی جی پنجاب یہ ہدایات لاہور میں لاپتہ خواتین کی بازیابی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب محمد کامران خان نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں، جبکہ صوبائی سطح پر خواتین پولیس افسران، سپیشل برانچ اور انویسٹی گیشن افسران پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے افسران کو ہدایت کی کہ یکم جنوری 2021ء سے 30 جون 2026ء تک کے تمام زیر التوا کیسز کا خصوصی جائزہ لیا جائے اور پرانے مقدمات کو نمٹانے کے ساتھ ساتھ رواں سال کے نئے کیسز پر بھی مکمل توجہ دی جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ لاپتہ خواتین کا سراغ لگانے کے لیے شناختی کارڈ، ب فارم، پاسپورٹ، موبائل سمز، ٹریول ہسٹری اور بینک اکاؤنٹس سمیت تمام جدید اور دستیاب ذرائع استعمال کیے جائیں۔
آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ تمام ڈی پی اوز اور ایس پیز انویسٹی گیشن روزانہ کی بنیاد پر ایس ڈی پی اوز اور تفتیشی افسران کے ساتھ اجلاس کریں، جبکہ متعلقہ ایس پی انویسٹی گیشن ہر کیس فائل کا خود روزانہ جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے۔ انہوں نے معلومات کے فوری تبادلے کے لیے دیگر صوبوں کی پولیس، محکمہ جیل خانہ جات اور ایف آئی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی بھی تاکید کی۔
