سپریم کورٹ لاہور رجسٹری اجلاس، خواتین کیلئے ون ونڈو انصاف مراکز قائم کرنے کا فیصلہ
(لاہور نیوز) پنجاب میں خواتین کیلئے ون ونڈو انصاف مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، فیصل آباد اور میانوالی سے منصوبے کا آغاز ہو گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت پنجاب میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق اہم اجلاس سپریم کورٹ آف پاکستان کی لاہور برانچ رجسٹری میں منعقد ہوا، جس میں ابتدائی طور پر فیصل آباد اور میانوالی میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز اور فیملی کورٹس کے قیام کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، رجسٹرار سپریم کورٹ، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ، سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب راجہ جہانگیر انور، چیف آرکیٹیکٹ احمد مدثر اور جنرل منیجر ایس پی یو مظہر منصور نے شرکت کی، ملک گیر ڈیزائن مقابلے میں کامیاب ہونے والے آرکیٹیکٹ رضا زاہد بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ملک بھر میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کا قیام سال 2026-27 کیلئے لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی اہم ترجیح ہے، ان مراکز کے ذریعے خواتین کو ون ونڈو نظام کے تحت عدالتی معلومات، قانونی رہنمائی اور ضروری معاونت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ فیملی کورٹس کے ساتھ ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم ہونے سے خواتین کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہو گی اور انہیں ایک ہی جگہ پر متعدد سہولیات میسر آئیں گی۔
مجوزہ مراکز میں استقبالیہ، رہنمائی ڈیسک، مخصوص انتظار گاہیں، صاف ستھرے واش رومز اور علیحدہ مشاورتی کمرے قائم کئے جائیں گے، اس کے علاوہ ثالثی کیلئے خصوصی کمرے اور بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ڈے کیئر سینٹرز بھی بنائے جائیں گے، خواتین کو ان مراکز میں قانونی مشورے، قانونی معاونت اور نفسیاتی و سماجی مدد فراہم کی جائے گی، جبکہ متبادل حلِ تنازعات اور ضرورت کے مطابق متعلقہ اداروں سے رجوع کرنے میں بھی معاونت کی جائے گی۔
مجوزہ منصوبے میں معذوری کی حامل خواتین کیلئے آسان داخلی راستوں، ریمپس اور واضح رہنما علامات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا، خاندانی مقدمات میں ضرورت کے مطابق بچوں سے ملاقات کیلئے مناسب جگہ بھی مختص کی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے ڈیزائن کیلئے انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کے زیر اہتمام ملک گیر مقابلہ منعقد کیا گیا تھا، جس میں کامیاب ہونے والے تین بہترین ڈیزائنز تمام ہائی کورٹس کو فراہم کئے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں فیصل آباد اور میانوالی کیلئے مجوزہ ڈیزائنز کو مقامی ضروریات کے مطابق ڈھالنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس بات پر زور دیا گیا کہ مراکز کی تعمیر میں خواتین کی رازداری، آسان رسائی اور ضروری سہولیات کی فراہمی کو خصوصی اہمیت دی جائے، شرکاء نے لاہور ہائی کورٹ، لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان اور محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
