دورانِ ڈیوٹی حادثے میں جان قربان کرنے والے ٹریفک انسپکٹر غلام حسین شہید قرار
(لاہور نیوز) دورانِ ڈیوٹی ٹریفک حادثے میں جان قربان کرنے والے ٹریفک انسپکٹر غلام حسین اعوان کو شہید کا درجہ دے دیا گیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں شہید ٹریفک انسپکٹر کو شہداء کی فہرست میں شامل کر لیا گیا، اس سلسلے میں سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہید ٹریفک انسپکٹر غلام حسین اعوان کے اہلِ خانہ کو اپنے دفتر مدعو کیا، جہاں ان کی بیوہ، بیٹی، تین بیٹوں اور بھائی نے خصوصی ملاقات کی۔
اس موقع پر سی ٹی او لاہور نے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غلام حسین کی عظیم قربانی محکمہ ٹریفک پولیس کیلئے باعثِ فخر ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ دورانِ ڈیوٹی جان قربان کرنے والے ٹریفک اہلکاروں کو شہید کا درجہ دیا جائے گا اور شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال محکمہ ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ محکمہ ٹریفک پولیس کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا اور انہیں کسی بھی مرحلے پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور نے اکاؤنٹنٹ اور انچارج ویلفیئر کو شہید ٹریفک انسپکٹر غلام حسین کے تمام محکمانہ واجبات فوری ادا کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
اس موقع پر سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ غلام حسین کی شہادت کے بعد لاہور ٹریفک پولیس کے شہداء کی تعداد 7 ہو گئی ہے، جبکہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران 104 ٹریفک افسران و اہلکار اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکار شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ہر موسم اور ہر صورتِ حال میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
